مستونگ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں کی مشترکا کارروائی میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فورسز کے 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کر دی گئیں جہاں انکی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد فورسز ، عام شہریوں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز اور زائرین پر مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی تاہم بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام کردیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کاروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔