خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن اور بلیو وینز کے درمیان مفاہمت کے یاداشت پر دستخط ہوئے

پشاور: خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن اور بلیو وینز کے درمیان مفاہمت کے یاداشت پر دستخط ہوئے۔ دونوں اداروں کے درمیان معاشرے کے پسماندہ اور نظر انداز طبقے خاص کر خواتین، ٹرانسجینڈرز، اور اقلیتوں کو معلومات تک رسائی کے قانون اور اس کے فوائد سے متعلق آگاہی میں تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
مفاہمت کی یاداشت پر خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن کی چیف انفارمیشن کمیشنر محترمہ فرح حامد خان، اور بلیو وینز کے ڈائریکٹر جناب قمر نسیم نے دستخط کئے۔
اس موقع پر خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن کے سیکرٹری جناب انیس الرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹڑ کمیونیکیشن سید سعادت جہاں، ڈپٹی رجسٹرار ناظم شہاب قمر، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی طاہر اور ایڈمینسٹریٹیو آفیسر نور سید کے ساتھ ساتھ بلیو وینز کے مانیٹرینگ اینڈ ایولویشن آفیسر زرتاشہ عابد اور لیزان آفیسر ایوب خان بھی موجود تھے۔
مفاہمت کے یادشت کے تحت، خیبر پختونخواہ انفارمیشن کمیشن اور بلیو وینزکے مشترکہ تعاون کے تحت خیبر پختونخواہ کے مخصوص اضلاع یعنی پشاور،مردان، ہری پور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، ملاکنڈ، دیر لوئر،چترال، ڈی آئی خان، خیبر اور کرم میں معلومات تک رسائی کے قانون سے متعلق عوام کی آگاہی کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔ جن میں اس اقانون سے متعلق آگاہی سیمینارز ،ٹریننگز، آگاہی بینرز کی تنصیب،اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر آگاہی ویڈیوز چلانا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بلیو وینز دیگر شراکت داروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے لیے کمیشن کی مدد کرے گی تاکہ معلومات تک رسائی کے پیغام کو صوبے کے کونے کونے تک پہنچایا جا سکے۔
مفاہمت کےدونوں جماعتیں توقع کرتی ہیں کہ معلومات کے آزادانہ بہاؤ سے شفاف اور جوابدہ طرز حکمرانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جو خیبر پختونخواہ میں لوگوں کو بااختیار بنانے کا باعث بنے گی۔