پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلان

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ 15 روز کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اوگرا نے سمری میں پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی سفارش کی تھی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 31 اکتوبر 2022ء تک برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر تک تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمیتں برقرار رہیں گی، اوگرا کی سمری واشنگٹن میں مجھے پہنچائی گئی، جس میں پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی سفارش کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمری میں ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بڑھانے کا ذکر تھا، وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت اور مشورے سے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

مزید جانیے: پیٹرول 12.63 اور ڈیزل 12.13 پیسے فی لیٹر سستا

پیٹرول 224.80، ڈیزل 235.30، مٹی کا تیل 191.83 اور لائٹ ڈیزل 186.50 روپے پر برقرار ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ساڑھے 12 روپے سے زائد کی کمی کی تھی۔