پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق جوبائیڈن کے بیان پر تشویش ہوئی، بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جوبائیڈن کے بیان پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئرپروگرام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے، پاکستان کے نیو کلیئر اثاثوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق جوبائیڈن کے بیان پر تشویش ہوئی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ انہوں نے جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق بیان پر وزیراعظم سے بات کی، امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا گیا ہے، فیصلہ کیا ہے کہ امریکی سفیر کو طلب کر کے ڈیمارش دیں گے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بطور وزیر خارجہ پاکستان کے مؤقف پر ڈٹ کر قائم ہوں، آج ہماری خارجہ پالیسی کی سمت درست ہے، یوکرین روس معاملے پرپاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بائیڈن کے بیان سے پاکستان امریکا تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا، امریکی صدر نےغلط فہمی کی بنیاد پر بیان دیا ہوگا، انہوں نے پاکستان کے خلاف بات عوام سے خطاب میں نہیں بلکہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں کی، ان کا پاکستان سے متعلق بیان غیر رسمی گفتگو کا حصہ تھا، امریکی سفیر کو ڈیمارش کیلئے طلب کیا ہے، ہمیں انہیں اپنے بیان کی وضاحت کا موقع دینا چاہیے۔

عمران خان کے دورہ کراچی سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ روز ایک شخص کراچی آئے تھے، وہ کہتا ہے کہ لانگ مارچ کے بعد سندھ کو آزادی دلوائے گا، سندھ کے لوگوں نے تو آمریت کا بھی سامنا کیا ہے، سندھ کے عوام نے اپنے حقوق کی جدوجہد میں کردار ادا کیا، آپ کے خلاف جدوجہد کراچی سے ہی شروع ہوئی تھی، ہمارے تاریخی لانگ مارچ کے بعد آپ کو خدا حافظ کیا گیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کل ہونے والے ضمنی انتخابات بہت اہم ہیں، ایک نمائندہ جیت کر اگلے دن استعفیٰ دے گا اور پیپلز پارٹی امیدوار اگلے دن عوام کی خدمت کریں گے۔