ہیروں کے بدلےگٹکےکےپیکٹ، بھارتی شخص نے تاجرکو لاکھوں روپےکاچونا لگادیا

بھارتی شہر گجرات میں راحیل نامی شخص نے ہیروں کے تاجر کو 32 لاکھ بھارتی روپے کے ہیرے کے پارسل میں گٹکے کے پیکٹ بھر کر چونا لگادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی تاجر کی شکایت پر راحیل منجانی نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے حال ہی میں رشبھ وورا کے آفس جاکر خود کو ہیروں کا تاجر ظاہر کیا اور کسی دوسرے ہیروں کے تاجر کو ہیرے فروخت کرنے کے بہانے رشبھ کے آفس سے 32 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے تراشیدہ اور معیاری ہیرے دینے کیلئے اعتماد میں لے لیا۔

بھارتی تاجر نے تھانے میں درج ایف آئی آر میں بتایا کہ ملزم نے 13 سے 21 فروری کے دوران ہیرے لے کر انھیں تین سیل شدہ پارسل میں جمع کردیا اور بھارتی تاجر کو ٹوکن کے طور پر 2 لاکھ بھارتی روپےکی رقم دی ۔

بھارتی تاجر کی درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے وہ بقیہ ادائیگی 3 سے چار روز میں ادا کرنے کا وعدہ کیا لیکن مقررہ وقت گزرنے پر جب پیسے ادا نہ ہوئے اس نے راحیل منجانی کو دیے جانے والے پارس کو کھولا جو کہ دونوں کی موجودگی میں کھولنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس میں سوائے گٹکے کے ریپرکے کچھ نہ نکلا۔

بھارتی تاجر کے مطابق اس دھوکہ دہی میں دیگر تاجر بھی ملوث ہیں جنھوں نے ملزم کے ساتھ مل کر پارسل سے ہیرے چرائے ہیں۔

بھارتی پولیس اس دھوکہ دہی میں دیگر تاجروں کے ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔