آخری ترک شہری کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،شہبازشریف

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانیوں سے اپیل ہے ترک بھائیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں، ترکیہ میں آخری شہری کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ترک ٹی وی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ زلزلے میں جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے، نقصان بہت زیادہ ہے جتنی بھی امداد کی جائے کم ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم اب تک 500 ٹن سے زائد امدادی اشیا پہنچا چکے ہیں، 30 ہزار سے زائد ترک زلزلے میں جاں بحق ہوئے، وزرا اور پارلیمنٹ نے ترک بھائیوں کی مدد کیلئے ایک، ایک ماہ کی تنخواہیں عطیہ کیں۔

 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا ترکیہ نے ہمیشہ ہماری مدد کی،2010 سیلاب کے بعد صدر طیب اردگان نے دورہ کیا، لاکھوں ڈالر امداد دی، امدادی سامان میں سردیوں کے خیمے اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

 

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مجھے یقین ہے ترک عوام اور حکومت جلد مشکل سے نکل آئیں گے، پاکستان سے سردیوں کے خیمے کا ایک اور طیارہ ترکیہ پہنچ جائے گا، پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے 14 افراد کو ملبے تلے زندہ نکالا۔