عمران خان کے کیس پر نہیں میری درخواست پر نواز شریف نااہل ہوا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کیس پر نہیں، میری درخواست پر نواز شریف نااہل ہوا۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا آپ کی ملکیت 4 مرلے نہیں ساڑھے 3 مرلے ہے، کسی میں ہمت ہے تو لال حویلی گرا کر دکھاؤ اینٹ سے اینٹ بجادوں گا، میں مری روڈ بلاک کردوں گا، عمر کے اس حصے میں مجھے تنگ نہ کرو، انہیں کچھ نہ ملا تو لال حویلی نکال لی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لال حویلی تو میں نے ویمن یونیورسٹی کو عطیہ کرچکا ہوں، لندن میں 3 پارٹیاں مزاکرات کررہی ہیں جو لال حویلی پر فلم بنان چاہتے ہیں، اس سے مجھے اچھا معاوضہ ملے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ راولپنڈی کی دونوں سیٹوں سے ضمنی انتخاب عمران خان خود لڑیں گے، ہم بتائیں گے کہ الیکشن کیسا ہوتا ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے لیکن یہ لوگ بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، ہم ہائی کورٹ میں درخواست دے رہے ہیں کہ اس اراضی پر قابض ہیں تو ہمیں نااہل قرار دیا جائے۔

سینیئر سیاستدان نے کہا کہ محسن نقوی نے سارا بچپن میرے ساتھ گزارا ہے، اسے معلوم ہے کہ لال حویلی کس کی ہے۔ لال حویلی کے باہر ہوں ہی سوجاؤں گا، روز پریس کانفرنس کرکے ان کو بتاؤں گا، ہم شہباز شریف کے نام ہر گندے کپڑے بیچیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کی آمد پر مہنگائی کا بم گرایا گیا، عمران خان خود احتجاج کی کال نہیں بھی دے گا تو مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام خود سڑکوں پر آئیں گے، فروری کے مہینے میں اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق ملےگا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لال حویلی کی ایک سیٹ ہے اور میں اسی ایک سیٹ پر رہنا چاہتا ہوں۔میں میڈیا پر سچ کی بات کرتا ہوں، مجھے اپنی جان سے زیادہ پاک فوج عزیز ہے لیکن عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان فوج اور اسٹیبلشمنٹ پر بات کرتے ہیں ان کی بڑی پارٹی ہے، عمران خان کے کیس پر نہیں، میری درخواست پر نواز شریف نااہل ہوا۔