عمران خان 33 حلقوں پر ضمنی الیکشن لڑیں گے، شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ان تمام 33 حلقوں سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے جہاں الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے

لاہور میں اسدعمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ضمنی انتخابات کے 33 حلقوں میں حصہ لے گی، امید کرتے ہیں 16 مارچ کو بھی قوم واضح جواب دے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کور کمیٹی اجلاس میں 90 دن میں الیکشن کے انعقاد جبکہ فواد چوہدری کیساتھ روا رکھے گئے سلوک کیخلاف قرار داد منظور کی گئی۔

وائس چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اجلاس میں چیف جسٹس سے فواد چوہدری کے معاملے پر نوٹس لنے کی قرار داد بھی منظور کرلی گئی۔ ہم توقع کرتے ہیں فواد چوہدری کو انصاف ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں ہے، صدرمملکت نے پل کا کردار ادا کیا۔ صدرمملکت کی خواہش تھی کہ ہمیں آئین پرعملدرآمد کیلئےراستہ نکالنا چاہیے۔

27 جنوری کو الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں 16 مارچ کو ضمنی الیکشن کروانے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ یہ حلقے گذشتہ ہفتے اس وقت خالی قرار دیے گئے تھے جب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان 35 ارکان میں دو خواتین مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئی تھیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اسدعمر کا کہنا تھا کہ گورنرکےپی نےبیان دیاہےکہ الیکشن کی تاریخ ایجنسیاں اور الیکشن کمیشن طے کریں گے، بیان کیخلاف صدرمملکت سے نوٹس لینےکی قراردادمنظور کی گئی ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کل لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کیلئے سماعت ہوگی جبکہ خیبرپختونخوا کیلئے بھی کل پشاورہائیکورٹ میں اپیل کریں گے۔