الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے کیس میں فواد چوہدری کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے فواد چوہدری کو 27 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پولیس نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جبکہ فواد چوہدری اور ان کے وکلا نے مخالفت کی تھی۔ فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا مقدمہ درج ہے۔

اس سے قبل پمز کے کارڈیک سینٹر کے ڈاکٹرز نے فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے فواد چوہدری کو تندرست قرار دے دیا۔

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ فواد چوہدری کے خلاف یہ ایف آئی ار اسلام آباد میں درج ہوئی، اس لئے ایف آئی آر خارج کرنے کا اختیار اسلام آبادہائی کورٹ کے پاس ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے فوادچوہدری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔

واضح رہے کہ بدھ کی علی الصبح فواد چوہدری کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ماتحت عدالت سے ان کا راہداری ریمانڈ لے لیا گیا۔