کراچی میں بجلی کی مکمل ترسیل کیلئے محدود لوڈشیڈنگ کی جائیگی،کے الیکٹرک

کراچی الیکٹرک ( K-Electric ) کے ترجمان عمران رانا کا کہنا ہے کہ کراچی میں اہم تنصیبات پر بجلی کو بحال کردیا گیا ہے، تاہم بجلی کے نظام کو قائم رکھنے کیلئے شہر میں عارضی لوڈشیڈنگ کی جا سکتی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر 24 جنوری بروز منگل کو ترجمان کے الیکٹرک نے عوام الناس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات کراچی ( Karachi ) اور نیشنل گرڈ ( National Grid ) کے درمیان رابطہ بحال ہونے سے کراچی شہر کو سپلائی مزید بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔ جس کے بعد اہم تنصیبات بشمول ایئرپورٹ، اسپتال، واٹر پمپنگ اسٹیشن وغیرہ پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت کے الیکٹرک کے تمام گرڈز فعال ہیں اور علاقائی سطح پر بحالی کا عمل بھی جاری ہے، تاہم سسٹم کو اسٹیبل رکھنے کیلئے شہر میں محدود پیمانے پر عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا سکتی ہے۔ کے الیکٹرک اس سلسلے میں اپنے کسٹمرز کے تعاون کے لئے شکر گزار ہے۔

کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق بجلی سپلائی کے حوالے سے مزید مدد کے لئے 118 کال سینٹر، 8119 ایس ایم ایس، اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔