افغانستان: طالبان قیادت ملا محمد عمر کی قبر منظرعام پر لے آئی

افغان طالبان اپنے بانی امیر ملا محمد عمر کی قبر منظر عام پر لائے ہیں جو افغانستان کے صوبہ زابل میں ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ میں قبر کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملا محمد عمر کی قبر ایک تقریب کے دوران منظر عام پر لائی گئی ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اس موقع پر طالبان حکومت کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخند، ملا محمد عمر کے صاحبزادے اور وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد سمیت کابینہ میں شامل کئی دیگر وزرا بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ افغانستان میں سویت جارحیت کے دور میں ملا محمد عمر مزاحمت کرنے والوں میں عام سے کمانڈر تھے۔

اس کے بعد 1994 میں سابق مجاہدین کے خلاف قندہار سے اٹھنے والی تحریک کی انہوں نے سربراہی کی اور اسی تحریک نے آگے چل کر طالبان کی شکل لی جس نے دو سال بعد 1996 میں کابل پر قبضہ کر لیا۔