جیل بھرو تحریک کا آغاز، شاہ محمود کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکن مال روڈ روانہ

پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوگیا، نائب چیئرمین شاہ محمود کی قیادت میں پارٹی رہنما اور کارکن جیل روڈ سے مال روڈ کی جانب روانہ ہوگئے۔

جیل بھرو تحریک کے لیے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، کسی نے خود کو ہتھکڑیوں میں جکڑا تو کوئی جیل کا علامتی جنگلا لے کر پہنچا۔ خواتین کارکن بھی موجود ہیں۔ چیئرنگ کراس پر گرفتاری پیش کی جائے گی۔

شرکاء سے خطاب میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود بولے اسمبلی ٹوٹنے کے نوے دن کے اندر انتخابات کرانا آئینی ذمہ داری ہے۔ ہم اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسدعمر بولے ہم ایک ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس کے فیصلے عوام کریں، آپ کو بائیس کروڑ عوام کا فیصلہ ماننا پڑے گا۔

رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے آج سے ایک غیرمعمولی اور منفرد تحریک کا آغاز ہو رہا ہے، لاہور شہر آج آئین کی بحالی، انسانی حقوق اور معاشی حقوق کیلئے میزبان بنے گا۔ عوام اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں ورنہ سب کچھ کھو دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء یاسمین راشد بولیں کہ گرفتاریاں ضرور دیں گے، فسطائی اور فاشسٹ حکومت کے تمام اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہوگئے۔

عندلیب عباس بولیں انتقامی کارروائیوں کرنے کے باوجود تحریک انصاف ڈٹ کر کھڑی ہے، عمران خان عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔