اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کمرشل بینکوں سے بھی کم رہ گئے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کئی سال بعد کمرشل بینکوں سے بھی کم ہوگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 29 کروڑ 29 لاکھ ڈالر کی کمی آگئی۔

 

مرکزی بینک کے مطابق 23 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 29 کروڑ 29 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد ملکی زرمبادلہ ذخائر 11 ارب 70 کروڑ ڈالر رہے۔

اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 29 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کمی سے 5 ارب 82 کروڑ ڈالر رہ گئے جو کئی سالوں میں پہلی بار کمرشل بینکوں سے بھی کم ہیں۔

اس عرصے میں کمرشل بینکوں کے ذخائر 14 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 ارب 88 کروڑ ڈالر رہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ ذخائر اسٹیٹ بینک کے ذخائر سے تقریباً 6 کروڑ ڈالر زیادہ ہوگئے۔

اس سے قبل مارچ 2014ء میں مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سطح پر دیکھے گئے تھے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یہ اکتوبر 2019ء کے بعد پاکستان کے کم ترین زرمبادلہ ذخائر ہیں، اس وقت مرکزی اور کمرشل بینکوں کے پاس مجموعی طور پر 11 ارب 15 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھے۔

مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اس عرصے سے قبل ہفتے میں بھی 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی تھی جس کے بعد ذخائر 6 ارب 12 کروڑ ڈالر رہ گئے تھے۔