مولانا طارق جمیل کی حالت بہتر، ٹوئٹر پر پیغام جاری کردیا

مولانا طارق جمیل کو گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے پر کینیڈا کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم آج انہوں نے اپنی تصویر کے ساتھ ٹوئٹ کرکے مداحوں کو خیریت سے آگاہ کیا۔

مولانا طارق جمیل نے اسپتال کے بیڈ بیٹھے ایک تصویر کے ساتھ ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’‘ اللہ کے فضل اور آپ احباب کی دعاؤں سے اب طبیعت قدرے بہتر ہے. تین دن مزید اسپتال میں ڈاکٹرز کے زیرِ نگہداشت رہنے کے بعد انشاء اللہ ڈسچارج کر دیا جائے گا’’۔

مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ ان کے والد کی طبعیت اب بہتر ہے لیکن ڈاکٹر انہیں ابھی مزید کچھ دن اسپتال میں رکھنا چاہتے ہیں۔

بدھ کو ایک ٹویٹ میں یوسف جمیل کا کہنا تھا کہ ’محترم مولانا طارق جمیل صاحب اب بہت بہتر ہیں‘۔

 

 

مولانا طارق جمیل کو اس سے قبل جنوری 2019ء میں بھی دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں لاہور کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم انہیں انجیو گرافی کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

پاکستانی حکومت نے مولانا طارق جمیل کو گزشتہ برس ’پرائڈ آف پرفارمنس‘ ایوارڈ سے نوازا تھا۔