اسٹیبلشمنٹ سے عمران خان کے سہولت کار ہٹ گئے، ہوسکتا ہے دیگراداروں میں بیٹھے ہوں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے عمران خان کے سہولت کار ہٹ گئے مگر ہوسکتا ہے دیگراداروں میں عمران کے سہولت کاربیٹھے ہوں۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ اگرالیکشن وقت پر ہوا تو اداروں میں عمران خان کے سہولتکار کہیں نہیں رہیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جلد الیکشن کی ضد کے پیچھے ایک اور سازش ہے کہ بروقت انتخابات ہوئے تو اُن کے سہولت کار کسی بھی ادارے میں نہیں رہیں گے۔ یہی اُن کی اصل پریشانی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ملک سیلاب کےاثرات سے گذررہاہے اورعمران خان ضد پر ہے، عمران خان چاہتے ہیں ان کی ضدپوری ہوعوام کے مسائل حل نہ ہوں، جمہوریت کی ترقی روکنے کیلئے ہرقسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پہلے ہردوسال بعد پارلیمنٹ ٹوٹ جاتی تھی مگر اب تیسری پارلیمنٹ مدت پوری کرنے جارہی ہے۔ الیکشن آئین اور قانون کےمطابق پارلیمنٹ کی مدت پوری ہونے پر ہوتے ہیں۔ عمران خان غیرجمہوری رویہ ترک کردیں۔

اس سے قبل بلاول بھٹو نے بلاول بھٹو نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کےمزارپر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی نے ملکی سلامتی اور جمہوریت کے استحکام کےلئے دعا بھی کی۔