بلوچستان میں 5 دستی بم حملوں میں ایک شخص جاں بحق،15 افراد زخمی

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 5 دستی بم حملوں میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے سبزل روڈ پر دستی بم دھماکے میں میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی صدرشوکت جدون کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن شہید امیر محمد دستی کے سامنے ہوا، اور ملزمان کا ہدف پولیس اہلکار تھے، تاہم سخت سیکیورٹی کی بدولت دہشت گرد اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکے۔

اس سے قبل کوئٹہ کے ہی علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن میں پولیس چیک پوسٹ پر ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

تیسرا حملہ حب کے علاقے تھانہ صدر کے حدود میں پیش آیا جہاں دستی بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب تربت پولیس کی جانب شہر میں تعلیمی چوک پر واقع ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ ہوا ہے تاہم حملے میں جانی نقصان نہین ہوا۔

خضدار میں بھی جناح روڈ پر گشت پر مامور پولیس کی گاڑی کے قریب کریکر پھینکا گیا۔ خوش قسمتی سے حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔