آرمی چیف کی سی ایم ایچ راولپنڈی میں بنوں آپریشن کے دوران زخمی جوانوں سے ملاقات

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا ۔ سپہ سالار نے جوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ان کے پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے بنوں میں آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد ہلاک، تین دہشت گرد گرفتار جبکہ 7 نے سرینڈر کردیا۔ دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہےتھے۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آپریشن ميں يرغمال بنائے گئے 3 اہلکار شہيد ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تين افسران سمیت 10 اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کمپلیکس میں جو لوگ زیر تفتیش تھے انہوں نے ہی یہ صورتحال پیدا کی، باہر سے کوئی حملہ نہیں ہوا۔