کراچی: ڈیری فارمرز کی دودھ کی قیمت مزید بڑھانے کی تیاری

ڈیری فارمرز نے شہر قائد میں دودھ کی قیمت مزید بڑھانے کی تیاری شروع کردی، دودھ فروشوں نے فی کلو مزید 20 روزپے اضافے کا عندیہ دیدیا۔

ڈیری فارمرز دودھ کی قیمت مزید 20 روپے بڑھا کر 200 روپے فی لیٹر مقرر کرنا چاہتے ہیں، اس ضمن میں صدر کراچی ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن مبشر قدیر عباسی کا منگل کو بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دودھ کی پیدواری لاگت 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمتوں کے تعین کیلئے وعدے کے مطابق میٹنگ کال نہیں کی تو ڈیری فارمرز خود نئی قیمتوں کا اعلان کردیں گے۔

ڈیری فارمرز کے بیان کے بعد بدھ کو کمشنر آفس سے میٹنگ نوٹس جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق جمعہ 16 دسمبر کو 3 بجے کمشنر آفس میں اجلاس ہوگا، جس میں دودھ کی پیدواری لاگت اور قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز، لائیو اسٹاک، سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران، ڈیری فارمرز، ہول سیلرز، ریٹیلرز اور صارف نمائندے شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 25 اکتوبر کو بھی ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت 200 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق انتظامیہ نے سرکاری نرخ 50 روپے کے اضافے سے 170 روپے مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تاہم شہر بھر میں دودھ 180 روپے فی لیٹر پر فروخت ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر میں ڈیری فارمرز کو کہا گیا تھا کہ فی الوقت سرکاری نرخ 170 روپے مقرر کیا جارہا ہے تاہم بعد میں 29 نومبر کو اجلاس میں نئی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا لیکن 29 نومبر کو اجلاس نہیں ہوسکا، جس پر ڈیری فارمرز نے ایک بار پھر جارحانہ انداز اختیار کرکے انتظامیہ کو اجلاس کیلئے مجبور کردیا اور قوی امکان ہے کہ سرکاری قیمت بھی 180 روپے مقرر کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے، جس کے بعد حسب روایت سرکاری قیمت سے 20 روپے زیادہ یعنی 200 روپے میں دودھ فروخت کیا جائے گا۔

ملک ریٹیلرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ترجمان عبدالوحید گدی کا کہنا ہے کہ چارہ مہنگا اور دیگر اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کی وجہ سے دودھ 200 روپے مقرر کرنا مجبوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں دودھ کی کھپت کم ہوجاتی ہے لیکن اس کے باوجود لاگت بڑھنے کی وجہ سے پیدوار میں بھی کمی آرہی ہے۔

مبشر قدیر عباسی کے مطابق دودھ کی قیمت فی الوقت 200 روپے تک پہنچ جائے گی لیکن یہ بھی ناکافی ہے، مئی میں یہ قیمت 250 روپے تک ہوجائے گی۔