ملک تیزی سے نیچے جا رہا ہے، اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک جس تیزی سے نیچے جا رہا ہے اس کے اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے۔

لاہور میں تحریک انصاف معاشی ٹیم کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی پالیسی کا ایک پہلو ملٹری اور دوسرا معیشت ہے، نیشنل سیکیورٹی کی پالیسی ہم نے ہی بنائی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ سمیت تمام اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ سب سے کہہ رہا ہوں آواز بلند کریں، ملک تیزی سے نیچے جا رہا ہے اگر آواز بلند نہیں کریں گے ہم تو سب اس کے ذمہ دارہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ دو جماعتیں 30 سال سے اقتدار میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ ملک پر قرضے ان کی وجہ سے چڑھے، جن کی اب قسطیں دینی مگر سرمایہ کاروں کو اس حکومت پر اعتماد نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری برآمدات میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے، اس وقت سب سے زیادہ پریشان کاروباری طبقہ ہے مگر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خاموشی پر حیرت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے آخری مہینے میں 27 فیصد صنعتی ترقی ہوئی تھی جو آج صفر ہے۔ کسانوں کے پاس پیسہ آیا تھا، بے شمار موٹرسائیکلیں فروخت ہوئیں، ریکارڈ برآمدات ہوئی تھیں، کسانوں نے ریکارڈ منافع کمایا، پاکستان کی ریکارڈ برآمدات ہوئی تھیں۔