مشروط بات چیت نہیں ہوسکتی، وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بات چیت میں ہماری طرف سے کوئی ہچکاہٹ نہیں مگر مشروط بات چیت نہیں ہوسکتی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماء کے پروگرام ریڈ لائن ود طلعت حسین میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بات چیت پر ہماری طرف سے نہیں دوسری جانب سے تاخیر ہورہی ہے، صدر مملکت سے ملاقات ہوئی ہے، ان سے معاشی اور سیاسی صورتحال پر بات کی، ڈاکٹر عارف علوی سے بات چیت عمران خان کی شرطوں کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ رہی۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کرلیا ہے تو دے دیں، قوم کا اس معاملے پر وقت ضائع کیا جارہا ہے، نہ 4 حلقے چوری ہوئے نہ 35 پنکچر لگے۔

اسحاق ڈار نے پنجاب میں حکومت بنانا اور وزارت اعلیٰ ن لیگ کا حق قرار دے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سینئر لوگوں کی تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت ہوتی رہی، ق لیگ سے بات چیت میں کچھ بھی ممکن ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں، آئی ایم ایف پروگرام ہر حال میں مکمل کریں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ اعتماد کا فقدان ہے مگر وجہ ماضی کی حکومت ہے۔