اسلام آباد ہائی کورٹ کا وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو سرنڈر کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو وزیراعظم شہبازشریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا ہے، اور سلیمان شہباز کو 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور مؤقف پیش کیا کہ سلیمان شہباز اکتوبر 2018 سے بیرون ملک ہیں، اور ان کے جانے کے بعد ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سلمان شہباز کی عدم موجودگی میں حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

وکیل امجد پرویز نے استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ سلمان شہباز 11 دسمبر کو سعودی ایئر لائن پر پاکستان واپس آئیں گے، ایئرپورٹ سے عدالت آنے تک سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روکیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سلیمان شہباز کی عدم موجودگی میں ضمانت نہیں دی جائے گی، سلیمان شہباز کو عدالت آنے پر نہ گرفتار کیا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ سلیمان شہباز کو سرنڈر کرنے کیلئے ایئرپورٹ آمد پر گرفتار نہیں کیا جائے گا۔