پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ممکنہ آئینی بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار

پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم اور پی ڈی ایم سربراہ نے ملکی سیاسی معاملات کو قابو میں رکھنے کیلئے سر جوڑ لیا۔ حکمران اتحاد کے دو بڑوں نے عمران خان کی صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی۔

دونوں رہنماؤں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑنے کی صورت میں ممکنہ آپشنز پر مشاورت کی۔ طے کیا کہ ہر مہم جوئی کا سیاسی طور پر مقابلہ کیا جائے گا اور قبل از وقت انتخابات کیلئے کوئی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ قومی حکومت معاشی امور کو بہتر بنا کر عوام کو جلد ریلیف دے گی۔