لاہور میں اسکول کے بچوں کی موجیں، ہفتے میں 3 دن چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری

پنجاب حکومت نے ہفتے میں 3 دن اسکولوں کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت سے قبل اسکولوں کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جمع کرادیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز (6 دسمبر ) اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران پنجاب حکومت کو ہفتے میں 3چھٹیوں کا نوٹی فکیشن پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

بدھ کے روز پنجاب حکومت نے سماعت سے قبل ہی اسکولوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن عدالت جمع کرادیا۔

پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اسکول تاحکم ثانی جمعہ ، ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گے۔

گزشتہ چند برسوں سے موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بالعموم پنجاب اور لاہور میں بالخصوص اسموگ نے روز مرہ زندگی شدید متاثر ہورہی ہے۔ لاہور گزشتہ کئی روز سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔