حکومت نواز شریف کو بھی بلالے ان کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران نواز شریف کو بھی بلالیں ان کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کا پاؤں معاشی بارودی سرنگوں پر ہے، سیاسی معاشی عدم استحکام کا حل الیکشن ہیں، فیصلوں میں تاخیر حالات کومزید سنگین بنادے گی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ فیصلوں میں تاخیر حالات کومزید سنگین بنادےگی، حکومت الیکشن میں جتنی دیر کرےگی اپنے لیے سیاسی قبرکھودے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کو بھی بلالیں ان کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے، عمران خان تنہا ہی تمام مخالف سیاسی قوتوں کو شکست دیں گے۔

عمران خان کے اہم سیاسی اتحادی نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان کو اندازہ ہے کہ ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیایس معاشی استحکام قومی سلامتی کا ضامن ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکشن 2 ماہ قبل ہوں یا بعد میں، پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہوگئی ہے۔