ہم بلدیاتی الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم بلدیاتی الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں۔

سینٹ پال ہائی اسکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں، ہمارے ورکرز کا بھی ہم پر شدید دباؤ ہے کہ بلدیاتی الیکشن کرائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے سندھ کے لوگ آزمائش کا شکار ہیں، اس مشکل صورتحال میں وفاقی حکومت ہمارے ساتھ پوری طرح کھڑی رہی، جنوری میں ڈونرز کانفرنس کرنے جارہے ہیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ریلیف اور ریسکیو کے مرحلے سے گزر چکے ہیں ایسا نہیں ہے، ہم نے بلدیاتی الیکشن ایسے کرانے ہیں کہ کوئی انگلی نہ اٹھائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب زدگان تکلیف میں تھے توعمران خان الیکشن کی بات کرتا تھا، انہوں نے ٹیلی تھون میں جو پیسے جمع کیے تھے وہ پتہ نہیں کہاں گئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے سیلاب متاثرین کے ساتھ ٹیبل پر کھانا کھایا اور چلے گئے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا، کراچی آئے اور پیکج کا صرف اعلان کرکے چلے گئے، انہوں نے حکومت رہتے ہوئے کچھ نہیں کیا تو اب کیا کرلیں گے، وہ اب بھی ملک کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں، اگر وہ پاکستان کی بہتری کیلئے بات کرنا چاہیں گے تو سیاسی جماعتیں بات کریں گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام ادارےآئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کے خلاف آئینی و جمہوری طریقے سےعدم اعتماد کا ووٹ دیا گیا، اس وقت بھی ادارے آئینی حدود میں رہنا چاہتے تھے، عمران خان اپنی کارکردگی نہیں دیکھتے اور سازشوں کاا لزام لگاتے ہیں، ایسے الفاظ استعمال نہیں کرناچاہئے جس کی وجہ سےبات آگے نہ بڑھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایم کیو ایم سے پہلے بھی کئی بار مل چکا ہوں اور ان سے باہمی مشاورت ماضی میں بھی رہی ہے، سندھ کی بہتری کیلئے ہمیں مل کر چلنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے تمام تحفظات دور کریں گے، انہوں نے کوئی وزارت یا مراعات نہیں مانگی، ان کو وفاق اور صوبائی حکومت سے کچھ خدشات تھے،
آصف زرداری، بلاول، شہبازشریف اور فضل الرحمان سے ایم کیوایم قیادت کی ملاقات ہوئی تھی۔