جی سی جامعہ:شعبہ میڈیا اسٹڈیز کو ارشد شریف اسکول آف جرنلزم میں تبدیل کرنیکا فیصلہ

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے شعبہ میڈیا آف اسٹڈیز کو ارشد شریف اسکول آف جرنلزم میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

جی سی یونی ورسٹی کے وائس چانسلر اصغر زیدی نے ہفتہ تین دسمبر کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے لاہور زمان پارک میں ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے عمران خان کی عیادت، جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی نے چیئرمین عمران خان کے ارشد شریف اسکول آف جرنلزم کے قیام کے اعلان پر عمل درآمد کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے جی سی یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا سٹڈیز کو ارشد شریف اسکول آف جرنلزم میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔

وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی اصغر زیدی نے کہا کہ ارشد شریف اسکول آف جرنلزم میں تحقیقاتی صحافت اور صحافتی اقدار کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں ارشد شریف اسکول آف جرنلزم کی ایک نئی عمارت بھی تعمیر کی جائے گی۔

عمران خان نے وائس چانسلر جی سی یو اصغر زیدی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پنجاب بھر میں طلبہ یونینز کی فوری بحالی اور اس بارے میں گائیڈ لائنز تیار کرنے کی ہدایت کی۔

چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قوم کا مستقبل یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات سے منسلک ہوتا ہے، پاکستان میں طلباء کو تعلیم سے روشناس کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔