کوئٹہ : پولیس ٹرک کے قریب خودکش دھماکا

کوئٹہ ( Quetta ) کے علاقے بلیلی کسٹم میں پولیس ٹرک کے قریب خودکش دھماکے سے اہلکار سمیت دو افراد شہید، جب کہ دیگر 23 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق خود کش دھماکا بلیلی کسٹم کے علاقے میں پولیس ٹرک کے قریب ہوا۔ دھماکے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق اہلکار اور راہ گیر شہید، جب کہ 20 اہلکار سمیت 23 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں خاتون بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

 

 

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جب کہ علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے دھماکے کے مقام کی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔

 

 

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق پولیس اہل کار پولیو مہم کی ڈیوٹی کیلئے جا رہے تھے کہ دھماکا ہوا۔ دھماکے میں پولیس کے ٹرک کو شدید نقصان پہنچا، جب کہ دھماکے کے مقام سے جسمانی اعضا بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ واقعے میں دیگر دو گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔

 

 

خودکش دھماکے کی تفصیلات

میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں ڈی آئی جی اظفر مہیسر کی جانب سے خودکش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ خود کش حملے میں رکشا استعمال کیا گیا۔

ڈی آئی جی کے مطابق خودکش حملے میں 20 سے 25 کلو دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ حملے میں 20 اہل کار زخمی ہوئے ہیں، جب کہ اہلکار اور راہ گیر شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خود کش حملہ آور نے رکشا کو پولیس ٹرک سے ٹکرایا، جس سے پولیس کا ٹرک سڑک سے اتر کر کھائی میں گرا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ تھریٹ الرٹ موجود تھا۔

فی الحال کسی تنظیم یا گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے، مزید تفصیلات شامل کی جائیں گی۔