پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد آج افغانستان کا دورہ کرے گا،دفتر خارجہ

پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد آج بروز منگل 29 نومبر کو افغانستان ( Afghanistan ) کا اہم دورہ کر رہا ہے۔ وفد کی قیادت وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کر رہی ہیں۔

ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کی قیادت میں وفد 29 نومبر بروز منگل کی صبح اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس سے کابل کیلئے روانہ ہوگا۔ پاکستانی وفد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے افغانستان صادق خان بھی شامل ہیں۔

افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد حنا ربانی کھر دنیا کی پہلی خاتون رہنما ہیں، جو افغانستان کا دورہ کریں گی، کابل آمد پر پاک افغان مذاکرات میں سیکیورٹی، تعلیم، تجارت پر بات چیت ہوگی۔

واضح رہے کہ دس سال قبل بھی حنا ربانی کھر نے بطور وزیر مملکت برائے خارجہ افغانستان کا دورہ کیا تھا، حنا ربانی کھر پاکستان کی واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے 2012ء میں افغانستان کا دورہ کیا۔