عمران خان حکم کریں، استعفے دینے میں دیرنہیں کریں گے، مشتاق غنی

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان حکم کریں استعفے دینے میں دیرنہیں کریں گے۔

ویڈیو بیان مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے خیبرپختونخوا اسمبلی سے استعفے دیے تو پیچھے خالی کرسیاں رہ جائیں گی۔ وقت آگیا ہے کہ اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے ہوں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، ہم وضع دار لوگ ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے، اسمبلیوں سے جب استعفے دئیے تو شہباز شریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی۔

خیال رہے کہ راولپنڈی میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں عمران خان نے کہا تھا کہ ملک مشکل حالات میں ہے، اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، سری لنکا والے حالات نہیں چاہتا ، فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں سے نکل جائیں گے۔