بھارت کے چرسی چوہے 600 کلو منشیات کھا گئے

بھارت کے چرسی چوہے پولیس کی جانب سے پکڑی گئی 600 کلو منشیات کھا گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب دعویٰ بھارتی پولیس کی جانب سے سامنے آیا جب ایک کیس کے سلسلے میں عدالت نے ضبط کی گئی منشیات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ پولیس چرس تو پیش نہ کرسکی البتہ انسداد منشیات عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ مال خانے میں رکھی 600 کلوگرام سے زیادہ چرس چوہے کھا گئے ہیں۔

پولیس کا یہ بیان سننے کے بعد جج نے پولیس کو چرس چوہوں کی جانب سے کھانے کا ثبوت پیش کرنے کا حکم دے دیا، پولیس افسروں نے جج کو بتایا کہ چوہے چھوٹے ہیں لیکن پولیس سے نہیں ڈرتے اور ان سے چرس کو محفوظ بنانا ناممکن ہے۔

اس سے قبل اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رنوویر سنگھ کا کہنا تھا کہ شیرگڑھ اور ہائی وے تھانوں کے ایس ایچ او صاحبان کا دعویٰ ہے کہ مال خانے میں رکھی گئی 581 کلوگرام چرس چوہوں نے تباہ کھالی ہے۔

اسی طرح کا ایک واقعہ ضلع اتاہ کے تھانہ کوتوالی دیہات میں پہلے بھی سامنے آیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 35 لاکھ روپے مالیت کی 1400 کارٹنز میں بند شراب چوہوں نے پی لی ہے تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ ایس ایچ او اندریش پال سنگھ اور کلرک رسال سنگھ نے شراب بنتویادو نامی گینگسٹر کو فروخت کی تھی جس کے بعد دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔