آرمی میں ہونے والی نئی تعیناتیاں پی ڈی ایم کا ملبہ نہیں اٹھائیں گی، شیخ رشید

سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرمی میں ہونے والی نئی تعیناتیاں پی ڈی ایم (PDM) کا ملبہ نہیں اٹھائیں گی، سیاست سے دور رہیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے، آج حقیقی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے پنڈی میں عوام کا سمندر اور ریفرنڈم ہوگا، لوگ حکومت سے نجات اور انتخاب کے حق میں فیصلہ دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ معیشت کی تباہی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، معاشی سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی غریب کو لے ڈوبی ہے، جنہوں نےسود ختم کیا تھا انہوں نے شرح سود بڑھا دیا، نہ ایل سی کھل رہی ہے نہ بینک کاغذ ریلیز کر رہے ہیں، پورٹ خام مال کے کنٹینروں سے بھر گئے ہیں۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج میں ہونے والی نئی تعیناتیاں پی ڈی ایم کا ملبہ نہیں اٹھائیں گی، سیاست سے دور رہیں گی، ملک اپنے ادارے اور عوام کے ساتھ کھڑی ہوں گی، اداروں کا وقار اور عوام کااعتماد بحال کریں گی۔

اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آج کا دن حقیقی آزادی اور سیاسی تاریخ مرتب کرنے کا دن ہوگا، وہ لوگ جنہوں نے معشیت کو قومی سلامتی کے لئے سوالیہ نشان بنادیا، ان کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جن لوگوں نے معیشت کو تباہ کیا ملک کو سامراجی دباؤ میں لائے اور مہنگائی لانے کے اصل مجرم ہیں، اور جو دہشتگرد وزارت داخلہ سے روز ڈرا دھمکا رہا ہے وہ سن لے کہ ہم آرہے ہیں، مسلمان کا ایمان ہے کہ موت کا ایک دن متعین ہے۔