آرمی چیف کی تعیناتی،وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری آرمی ایکٹ میں مجوزہ ترمیم پر غور

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت آج بروز جمعرات 24 نومبر کو ہونے والے خصوصی کابینہ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، مشیر قانون ملک شہادت اور وزیر صحت عبدالقادر پٹیل بھی شریک ہیں۔

وفاقی وزرا شیری رحمان، عون چوہدری، چوہدری سالک حسین، امین الحق، شاہ زین بگٹی، مولانا اسعد محمود اور ریاض پیر زادہ بھی اجلاس کا حصہ ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمود ، اسرار ترین کے علاوہ دیگر وفاقی وزراء بھی آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزرا سے بھی خصوصی مشاورت کی اوراعتماد میں لیا۔

وزارت دفاع سے آنے والی سمری بھی وزیراعظم آفس تک پہنچ گئی، آج کے ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔

وزیراعظم آفس نے چھ سینیر ترین فوجی افسروں کی سمری ملنے کی تصدیق کر دی۔ آرمی چیف اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے ناموں کا پینل موصول ہوچکا ہے۔