ڈاکوؤں نے فلور مل کے عملے کو یرغمال بناکر ساڑھے 30 لاکھ روپے لوٹ لیے

لاہور مانگامنڈی میں بارہ ڈاکوؤں نے فلورمل کےعملے کو یرغمال بناکر 30 لاکھ 58 ہزار روپے چھین لیے۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں ڈاکوؤں نے فلور مل کے عملے کو یرغمال بناکر 30 لاکھ 58 ہزارروپے چھینے اور فرار ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ڈاکوؤں کی تعداد 12 تھی، اور تمام ڈاکو ملحقہ پولٹری فارم کی چھت سے فلور مل میں داخل ہوئے۔

حکام کے مطابق ڈاکوؤں نے عملے کو لوٹا، اور واردات کے بعد مل مالکان کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اور موقع سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔