کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

الیکشن کمیشن آف پاکستان ( Election Commission ) کی جانب سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ آج بروز منگل 22 نومبر کو سنایا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ انتخابات کرانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آج سماعت سے متعلق جماعت اسلامی، متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) ، پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پندرہ نومبر کو سماعت کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جماعت اسلامی نے 45 روز، جب کہ پیپلز پارٹی نے 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کی تجویز دی ہے۔ تاہم ایم کیو ایم نے سارا زور متنازعہ مردم شماری کے نکتے پر لگایا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شہر قائد میں بلدیاتی انتخابات تین مرتبہ ملتوی ہو چکے ہیں۔ سب سے پہلے 24 جولائی کو طے شدہ انتخابات ممکنہ بارشوں کے پیش نظر مقررہ تاریخ سے صرف 4 روز قبل ملتوی کئے گئے، جس کے بعد 28 اگست کی تاریخ دی گئی تاہم سیلاب کے باعث انتخابات کو پھر ملتوی کیا گیا۔

تیسری بار 23 اکتوبر کو الیکشن کا اعلان ہوا تو سندھ حکومت سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم دستیابی کو بنیاد بنا کر التوا کیلئے الیکشن کمیشن پہنچ گئی۔

آئی جی سندھ نے بھی انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے حکومتی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 17 ہزار اہلکاروں کی کمی کے باعث کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔

آئی جی نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابات کروا سکتے ہیں لیکن سیکیورٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ سال 2015 کے انتخابات کے دوران پرتشدد واقعات میں 17 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔