منشیات کیس؛ رانا ثنا اللہ کو حاضری سے ایک دن کے لیے استثنیٰ مل گیا

لاہورکی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو منشیات کے مقدمے میں حاضری سے ایک دن کے لیے استثنیٰ دے دیا۔

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔

مقدمے پر سماعت شروع ہوئی تو وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے متفرق درخواست دائر کی، جس میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

وزیرداخلہ کے وکیل نے درخواست میں استدعا کی کہ کہ رانا ثناءاللہ بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے اس لیے انہیں ایک سماعت کی پیشی کیلئے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی۔