راولپنڈی (پ ر)

 حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے سہون انڈس ہائی وے پر مسافر بس کو پیش آئے المناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آئے روز مرکزی شاہراہوں اور ہائی ویز پر ایسے خونیں واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، مگر ذمہ داروں کا کوئی تعین نہیں ہوتا۔ جب تک حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا نہیں دی جاتی، لوگوں کی جانیں یونہی خطرے کی زد پر رہیں گی۔ دردانہ صدیقی نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔