اسلام آباد کا ریڈ زون ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ بنادیا گیا

ریڈ زون کو جانے والے راستوں پر آہنی دروازے نصب کردیئے گئے ہیں، اب ہر کوئی ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکتا۔

اسلام آباد کے ریڈ زون کو بلوائیوں کے حملوں اور روز روز کے دھرنوں سے ہمیشہ کے لیے محفوظ کردیا گیا ہے، ماضی کی طرح اب ریڈزون میں کوئی احتجاجی تماشہ نہیں لگایا جاسکے گا اورہر کوئی ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکے گا، کیوں کہ ریڈ زون کو جانے والے راستوں پر آہنی دروازے نصب کردئیے گئے ہیں۔

ریڈ زون جانے والے تینوں راستوں پر 3 سیکیورٹی دروازے لگا دئیے گئے ہیں، ایک گیٹ ڈی چوک، دوسرا نادرا چوک، تیسرا سرینا ہوٹل کے سامنے نصب کیا گیا ہے۔

سرینا چوک پر نصب دروازے کی چوڑائی 100 فٹ جبکہ اونچائی 10 فٹ ہے۔ نادرا چوک والا دروازہ 90 فٹ چوڑا ہے۔

ترجمان سی ڈی اے آصف شاہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ریڈ زون پر ڈپلومیٹک مشنز ہیں، حساس انسٹالیشنز لگی ہوئی ہیں، گیٹس لگانے کا مقصد یہی ہے کہ حساس علاقہ ہے تو سیکیورٹی کی صورتحال اگر ہوتی ہے تو ان چیزوں کو تحفظ دیا جائے،

سیکیورٹی گیٹس کی تنصیب پر خرچ کا تخمینہ تقریباً 4 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ اور ان دروازوں کی تنصیب کا فیصلہ آئے روز کے احتجاج اور دھرنوں کے باعث کیا گیا ہے۔

ریڈ زون اور بالخصوص پارلیمنٹ تک جانے والے راستوں پر نصب یہ آہنی دروازے اب صرف آئین اور قانون کی چابی سے ہی کھلیں گے، جتھوں کے ہمراہ آنے والوں کو یہ راستہ ہمیشہ بند ملے گا۔