1986 ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی فٹ بال 53 کروڑ روپے میں نیلام

1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان مقابلے میں استعمال ہونے والا یادگار فُٹ بال 24 لاکھ امریکی ڈالرز میں نیلام ہوا ہے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 53 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

اسی فٹ بال کے ذریعے ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا (Diego Maradona ) نے وہ مشہور گول کیا تھا جسے خدا کا ہاتھ (Hand of God) کہا جاتا ہے۔

برطانوی نیلام گھر گراہم بڈ آکشنز (Graham Budd Auctions) کی جانب سے نیلامی کے لئے پیش کیا گیا یہ ایڈیڈاس (Adidas) کا سفید ایزٹیکا (Azteca) فُٹ بال تیونس کے ایک میچ ریفری علی بن ناصر کی ملکیت تھی۔

فُٹ بال کی نیلامی سے 6 ماہ قبل آنجہانی میراڈونا کے زیر استعمال ایک جرسی 93 لاکھ امریکی ڈالر میں نیلام ہوچکی ہے۔

1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ 1982 میں فاک لینڈ کے تنازع کے باعث دونوں ملکوں کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرگیا تھا۔

یہ مقابلہ ارجنٹائن نے ایک کے مقابلے میں 2 گول سے جیتا تھا اور دونوں گول میراڈونا نے کیے تھے۔

میرا ڈونا کی جانب سے پہلا گول بظاہر سر (head) سے کیا گیا تھا لیکن ویڈیو سے دیکھا گیا دراصل یہ گول ہاتھ مار کر کیا گیا۔

اس گول کے حوالے سے میراڈونا نے بعد میں کہا تھا کہ یہ گول تھوڑا سا ان کے سر اور تھوڑا سا خدا کے ہاتھ سے کیا گیا۔ اس گول کو بعد میں خدا کا ہاتھ (Hand of God) کہا جانے لگا۔

اس میچ کے ریفری علی بن ناصر ہی تھے اور انہوں نے ہی خدا کا ہاتھ (Hand of God) کو گول قرار دیا تھا۔

خدا کا ہاتھ (Hand of God) کے 4 منٹ بعد ہی میراڈونا نے دوسرا گول کردیا تھا ، اس گول کو صدی کا بہترین گول قرار دیا گیا ہے، جس میں میراڈونا نے انگلینڈ کے 5 کھلاڑیوں اور گول کیپر کو چکمہ دیا تھا۔