ملک میں صنعتی شعبے کی سرگرمیاں سست روی کا شکار

وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں صنعتی شعبے کی کارکردگی پر رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں صنعتی شعبے کی مجموعی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہے تاہم 7 بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں صفر اعشاریہ صفر چار فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

موجودہ مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں 13 سے زائد بڑی صنعتوں کی پیداوار گر گئی تاہم لوہے اسٹیل سمیت سات صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مشروبات، ملبوسات، چمڑے اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار بڑھ گئی۔ پیپربورڈ، کیمکلز، لوہے،اسٹیل اور فرنیچرکی پیداوار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری طرف جولائی تا ستمبر 13 سے زائد بڑی صنعتوں کی پیداوار گر گئی۔ خواراک، تمباکو، ٹیکسٹائل، پیٹرولیم مصنوعات ، ادویہ سازی، ربڑ اور منرل پروڈکٹس کی پیداوار میں کمی رہی۔

کمپیوٹر، الیکٹرانکس، آپٹیکل پروڈکٹس اور فٹبال کی پیداوار، الیکٹریکل سامان، مشینری، گاڑیوں، ٹرانسپورٹ مصنوعات سیکٹر کی پیداوار میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔