معاشی ترقی کےلیے سیاسی استحکام ضروری ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کے لیے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی، خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے وقت ضائع نہیں کرناچاہیے، پاکستان تجارت اور کاروباری شعبوں میں تیزرفتار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر اتفاق رائے وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہر انتخابات کے بعدد ھاندلی کے الزامات سے بچاجا سکے۔ امید ظاہر کی کہ جمہوری عمل کے تسلسل سے معاملات بالآخر اپنی جگہ پر آجائیں گے۔

ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے اپنے کام کے عمل اور نظام کو تیز کرنا ہوگا اور اس مقصد کےلیے گوادر بندرگاہ ودیگر منصوبوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو روس یوکرین جنگ کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی کمی اور مہنگائی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سیلاب سے مشکلات کا سامنا رہا ہمیں مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔