مصطفیٰ نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی

پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما نواز کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔ وہ 2018 میں سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی پلیٹ فارم سے وہ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمانی کی حیثیٹ سے خدمات بھی سرانجام دی چکے ہیں۔

گزشتہ چند ماہ سے پارٹی قیادت مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خیالات سے متفق نہیں تھی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گزشتہ روز سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رکن کی حیثہت سے عوامی مفاد کے امور پر رائے کا اظہار کرنا اپنا حق سمجھتا ہوں، پارٹی کی قیادت نے سینیٹ کی رکنیت سے میرا استعفیٰ مانگا ہے، جس پر میں بخوشی ایوانِ بالا سے استعفیٰ دینے پر راضی ہوں۔

جمعرات کی صبح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کے دوران انہوں نے باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ جس میں انہوں نے استعفے کی وجہ بھی پارٹی قیادت کی ہدایات کو قرار دیا ہے۔

استعفیٰ دیئے جانے کے بعد اپنی ٹوئٹ میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ میں پارٹی کے مثبت ردعمل اورحمایت پر قیادت کا شکر گزار ہوں۔

 

 

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ میرے سیاسی مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، واضح کرنا چاہتا ہوں کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہورہا، میں اپنی آزادی کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔