وزیراعظم سے صدر یورپی یونین کی ملاقات، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے کوششوں پر اتفاق

وزیراعظم شہبازشریف اور یورپی یونین کے صدر چارلس مائیکل کے درمیان شرم الشیخ میں ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں چارلس مائیکل کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والےنقصانات پراظہار افسوس کیا جبکہ وزیراعظم نےسیلاب متاثرین کی مدد کیلئے یورپی یونین کےکردارکو سراہا۔

ملاقات میں اتفاق میں اتفاقی کیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات تمام ممالک کےاتحاد کے متقاضی ہیں، دونوں راہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی طرح موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی اتحاد درکار ہے۔ فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے میں یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین میں کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں، یورپی یونین اور پاکستان کی شراکت داری اور دوطرفہ تعاون ماضی میں مشترکہ مفادات کے حصول کا اہم ذریعہ رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے یورپی یونین کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ پاکستان ماضی کی طرح یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند اور منتظر ہیں۔