وانا کے تمام بلدیاتی نمائندوں کا مشترکہ دفتر کا افتتاح

وزیرستان(احمدنور) :

لوئر وزیرستان وانا آل کونسلرز اتحاد نے وانا بازار میں ایک مشترکہ دفتر کھول دیا، دفتر کا افتتاح ایم پی اے و ڈیدک چیئرمین نصیراللہ خان وزیر نے کیا۔ اس موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ قبائلی عمائدین، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

افتتاح کے دوران ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین نصیراللہ خان وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ وانا کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے وانا بازار میں عوام کی خدمت کے لئے دفتر کھول کر ترقی کا حقیقی سفر شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کونسلروں کے اس اتحاد سے علاقے میں تبدیلی آئے گی اور علاقہ میں ترقی کا دور دورہ ہوگا۔ اجتماعی کوششوں سے وانا میں ترقی و خوشحالی سے ہمیں کوئی قوت نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان قائم کرنے کے لئے اتقاق کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنخواہوں اور دوسری وضع کردہ مراعات پر میں اعلیٰ حکام سے بات کرونگا اور ان کے مطالبات عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت صوبائی حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لونگا۔