عطاتارڑ اور سائرہ افضل تارڑ سمیت 4 ن لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ سمیت 4 ن لیگی رہنماوں کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کے الزام پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایف آئی آر میں عطا تارڑ کے علاوہ سائرہ افضل تارڑ، محمد بخش تارڑ اور رائے قمر زمان کو نامزد کیا گیا۔ ایف آئی آر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عمران عباس بھٹی کی مدعیت میں تھانہ سٹی حافظ آباد میں درج کی گئی۔

مدعی مقدمہ نے موقف اپنایا ہے کہ لیگی رہنماؤں کی ایما پر رائے قمرزمان نے ایک اجتماع میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف اشتعال انگیز تقریر کی۔

مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں جبکہ نائب صدر ن لیگ رائے قمر الزمان کھرل کو گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دھمکیاں دینے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔