سعودی عرب اور چین کی پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکیج دینے کی یقین دہانی

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ سعودی عرب اور چین نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکیج دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کی قیادت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، دونوں ملک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین اور سعودی عرب نے 13 ارب ڈالر کے پیکیج کی یقین دہانی کرائی ہے، رواں سال چین اپنے قرضے رول اوور کرنے سمیت سمیت 8.8 ارب ڈالر کی معاونت کرے گا۔

چین سے مالی معاونت کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چین 4 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی واپسی کی مدت میں اضافہ کرے گا،پاکستان کو 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی ملیں گے۔ چین اس کے علاوہ 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ بھی کرے گا، چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع سے اتفاق کیا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سے 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم ملنے کا امکان ہے، جس میں 3 ارب ڈالر کے اضافی ذخائر اور مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس بھی تعمیر کرے گا۔