عمران خان سیاسی دہشت گرد ہے، مذاکرات نہیں کرسکتے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ سیاست دان سے مذاکرات کر سکتے ہیں لیکن عمران خان تو سیاستدان ہی نہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جب ہم عمران خان سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو یہ گالیاں دینا شروع کردیتے ہیں، تو پھر ان سے ہم کیا بات کریں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی دہشت گرد ہے اس لیے نواز شریف نے مذاکرات سے انکار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، ایک دن پہلے بھی انتخابات نہیں ہونے چاہیئں، ان کیلئے وہی پیشکش ہے جو وہ کہتے تھے۔

سوشل میڈیا سے متعلق میڈیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ

حکومت نے ایف آئی اے کو مزید اختیارات دینے سے متعلق میڈیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے، چاہتے ہیں آزادی اظہار رائے کو نقصان نہ پہنچے، اظہار رائے کی آزادی برقرار رکھتے ہوئے صحافتی تنظیمیں رہنمائی کریں۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے لوگوں کی نجی زندگی کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، سوشل میڈیا میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کو کنٹرول کرناچاہیے، اگر بل سے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگی تو حکومت بل واپس لے گی۔