رانا ثناء اللہ نے علی امین گنڈا پور کی اسلحہ لانے کی مبینہ آڈیو میڈیا میں پیش کردی

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے رہنماء علی امین کی مبینہ آڈیو میڈیا کو سنادی، جس میں وہ اسلحہ اور بندے اسلام آباد کے قریب پہنچانے کی بات کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مارچ ایک فتنہ مارچ ہے، جو قوم کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، عمران خان کے قریبی ساتھی (فیصل واؤڈا) نے 4 روز پہلے کہا تھا کہ یہ خونی مارچ ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اس ملک کی تباہی چاہتا ہے، اس کا کوئی جمہوری رویہ ہے نہ ہی یہ سیاستدان ہے، یہ فتنہ اپنے کھیل کو شیطانی مارچ کے ذریعے مکمل کرنا چاہتا ہے، اسلام آباد آکر جلسہ کرنا تو اس کا مقصد نہیں ہے، یہ چاہتا ہے اسلام آباد میں فساد ہو، اس کا مقصد ہے کہ یہاں آکر لاشیں گرائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ایک ایسا مافیا ہے جسے کوئی شرم نہیں کہ اس کام سے ملک کو کیا نقصان ہوگا، اس نے تو اس وقت بھی نہیں سوچا جب سائفر کا ڈرامہ رچایا اور یہ کہتے ہوئے اسے کتنا ذہنی سکون تھا کہ ہم اس سے کھیلیں گے اور اسے ایک سازش کے طور پر پیش کریں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ اس طرح کی صورتحال پیدا کی جائے کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے مابین کشیدگی ہو اور دونوں طرف سے لاشیں ملیں، یا پھر اس دوران اس کے اپنے بندے ہی کارکنان کی لاشیں گرا دیں اور کہا جائے کہ فورسز نے یہ کام کیا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ کو خونی مارچ بنانے کیلئے چھوٹے چھوٹے جرائم پیشہ گروپس کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور اس میں گجرات بھی پیش پیش ہے، اس حوالے سے ہمارے پاس بہت سی اطلاعات موجود ہیں، تاہم اس وقت ایک ثبوت پیش کروں گا، یہ ایک سابق وفاقی وزیر کی گفتگو ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور اس میں کوئی شک بھی نہیں ہوسکتا کیوں کہ اس وزیر کا ایک ریکارڈ موجود ہے۔

وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو پیش کی، جس میں علی امین گنڈاپور، اسد خان نامی شخص سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا پوزیشن ہے؟، بندوقیں اور لائسنس کتنے ہیں اور بندے کتنے ہیں؟۔ جس پر اسد خان کہتا ہے کہ بندے اور بندوقیں بہت ہیں، آپ جتنے بولیں اور لائسنس بھی بہت ہیں۔

مبینہ آڈیو میں علی امین گنڈا پور، اسد خان سے پوچھتے ہیں کہ اسلام آباد کی سرحد کے قریب کون سی کالونی لگتی ہے؟۔ جس پر وہ کہتا ہے کہ میں نے تو آپ کو پورا نقشہ بھیجا تھا۔ علی امین کہتے ہیں کہ بندے اور اسلحہ وہاں پر پہنچا دیں۔ جس پر اسد خان کہتا ہے کہ کوئی مسئلہ نہیں سب ہوجائے گا۔