*میڈیا میں کام کرنے کے لئے مہارت،ذہانت،حوصلہ اور ایمان کی پختگی درکار ھے۔ عطیہ نثار*

*میڈیا میں کام کرنے کے لئے مہارت،ذہانت،حوصلہ اور ایمان کی پختگی درکار ھے۔ عطیہ نثار*

راولپنڈی (پ ر )
میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کا سہ ماہی رپورٹنگ اجلاس برائے جولائی تا ستمبر 2022, دفتر جماعت اسلامی الفلاح میں منعقد ہوا ۔اجلاس سے ڈپٹی سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی عطیہ نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے ہمارے تعلق کی بنیاد مکمل ایمان ہے ۔ تحریک اسلامی سے وابستہ ہونے کا مقصد صرف اور صرف اللہ کی رضا ہے یہ کام جس کو کرنے کا ہم نے اپنے آپ سے وعدہ کیا ہے اس کی بنیاد تعلق باللہ ہے۔ اللہ سے ہمارا تعلق جتنا مضبوط ہوگا یہ کام بھی اتنا ہی مضبوط ہوگا۔ میڈیا سیل کے کارکن کی حیثیت سے آپ پر دہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے یہ ذمہ داری تلوار کی دھار پر چلنے کے مترادف ہے اور اس پر چلنے کے لئے مہارت ,ذہانت اور حوصلہ درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ فتنوں کے اس دور میں جان سے ذیادہ ایمان خطرے میں ہے لہذا ہمیں اپنے ایمان کی سب سے زیادہ فکر کرنی چاہیئے ۔ ایمان کی مضبوطی کے ساتھ فتنوں سے بچتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ عثمان نے کہا کہ کارکردگی سے زیادہ کارکردگی دکھانے والے افراد اہم ہوتے ہیں ۔فتنے کے اس دور میں اللہ سے مضبوط تعلق ، عبادات، دعاؤں کے اہتمام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ کارکنان آپس کے تعلقات میں گرمجوشی پیدا کریں اور باہمی روابط بڑھائیں۔جماعت کا تعارف پہنچانے کے لئے میڈیا ایک اہم ہتھیار ہے ۔ وقت کے چیلنجز میں ترجیہات کا درست تعین اہم ہے ۔بحیثیت داعی الی اللہ دنیا و آخرت میں آخرت ہماری ترجیح ہو۔اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور نے میڈیا سیل کی آئندہ سہ ماہی اور دسمبر میں منعقد ہونے والے ایکسپو بک فیئر کی پلاننگ شرکاء کے سامنے رکھی ۔ بعد ازاں میڈیا سیل کے تحت کام کرنے والے شعبہ جات نے اپنی سہ ماہی رپورٹ پیش کیں۔ شعبہ نشرو اشاعت ، حریم ادب اور آئ ٹی ڈپارٹمنٹ کی نگرانات اپنے نائبین کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھیں نیز دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے میڈیا سیل کے کارکنان نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی ۔اجلاس کی نظامت کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ قمر نے انجام دیئے #