شہر قائد میں دودھ کی سرکاری قیمت مقرر کردی گئی

کمشنر کراچی نے شہر قائد میں دودھ کی نئی سرکاری قیمت مقرر کردی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، ڈیری فارمرز نے نئی قیمت مسترد کردی۔

شہر قائد میں دودھ کی قیمت کا تعین کرنے کیلئے کمشنر آفس میں منگل کو دوسرے روز بھی اجلاس ہوا۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت میٹنگ میں ڈپٹی کمشنرز، ملک ریٹیلرز، ہولسیلرز، ڈیری فارمرز اور صارف نمائندوں نے شرکت کی تاہم اجلاس میں دودوھ کی فی لیٹر قیمت پر اتفاق نہ ہوسکا۔

 

 

انتظامیہ نے اجلاس کے بعد دودھ کی 170 روپے فی لیٹر ریٹیل قیمت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کو ڈیری فارمرز نے مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس قیمت پر دودھ فروخت کرنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ ڈیری فارمرز کی جانب سے رواں ماہ 17 اکتوبر کو دودوھ کی قیمت میں من مانا اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں دودھ 180 روپے تا 200 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں سرکاری نرخ 120 روپے لیٹر مقرر تھے۔

کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں دودھ کی لاگت کا جائزہ لیا گیا تاکہ اس کے مطابق اتفاق سے سرکاری سطح پر فی لیٹر دودوھ کی قیمت کا تعین کیا جاسکے تاہم حسب روایت قیمتوں پر اتفاق نہ ہوسکا۔

یاد رہے کہ سرکاری سطح پر 8 دسمبر 2021ء کو دودھ کی قیمت کا تعین ہوا تھا، جس کے بعد ڈیری فارمرز کی جانب سے متعدد بار قیمت میں من مانا اضافہ کیا گیا، لیکن سرکاری سطح پر دودھ کی قیمت 120 روپے فی لیٹر ہی رکھی گئی تھی۔

سرکاری نرخ پر شہر بھر میں کہیں بھی دودھ دستیاب نہیں، تقریباً 10 ماہ بعد سرکاری سطح پر دودھ کی نئی قیمت کا تعین کیا گیا ہے۔