اداکارہ متھیرا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حمایت میں بول پڑیں

بلاول بھٹو زرداری کے انداز کا مذاق اڑانے والوں کو اداکارہ متھیرا نے کرارہ جواب دے ڈالا۔

ماڈل اور پاکستانی ٹیلی ویژن کی جانی مانی میزبان متھیرا نے ایک نجی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے مختلف موضوعات سمیت سیاسی معاملات پر بھی گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں متھیرا کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کی وجہ سے بے حد پسند ہے۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جو لوگ بلاول بھٹو سے عورتوں والے انداز منسلک کرکے ان کا مذاق اڑاتے ہیں تو انہیں بحیثیت قوم شرم آنی چاہئے۔

متھیرا نے مزید کہا کہ ایک تو کسی کا مذاق بناتے ہیں، دوسرا اسے فروغ دے کر نمایاں بھی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے پر مزاحیہ انداز میں طنز کرنا الگ بات ہے مگر کسی کی ذاتیات پر اس کی ظاہری شخصیت یا زبان کو لے کر حملہ کرنا نہایت ہی نامناسب بات ہے۔